زندگی دراصل خوشبوؤں اور ناگوار مہکوں کا ایک خاموش سفر ہے، جہاں انسان خود کو ان مہکوں کے حوالے کر دیتا ہے جو اس کے گرد بسی ہوتی ہیں۔ صحبت بھی ایک ایسی ہی خوشبو ہے جو نظر تو نہیں آتی مگر انسان کے باطن میں اتر کر اس کی سوچ ، اس کے لہجے اور اس کے کردار کو مہکا دیتی ہے یا پھر ناگوار مہکوں کی مانند اسے اندر ہی اندر گھن کی طرح کھا جاتی ہے۔
 انسان بظاہر آزاد نظر آتا ہے مگر حقیقت میں وہ اپنی محفلوں، اپنے دوستوں اور اپنی صحبتوں کا اسیر ہوتا ہے۔
 یہی صحبت کبھی اس کی پہچان بن جاتی ہے اور کبھی اس کے زوال کا سبب۔
چنانچہ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ انسان کی اصل پہچان اس کے اعمال سے پہلے اس کی صحبت سے ہوتی ہے ، کیونکہ صحبت ہی وہ خاموش معمار ہے جو شخصیت کی عمارت کو یا تو بلند کرتی ہے یا زمین بوس کر دیتی ہے۔
کند ہم جنس باہم جنس پرواز
کبوتر با کبوتر ، باز با باز
یہ شعر نہیں بلکہ انسانی فطرت کی نہایت گہری عکاسی ہے۔ کبوتر کبوتروں کے ساتھ اور باز بازوں کے ساتھ پرواز کرتا ہے۔ یہ منظر ہمیں بتاتا ہے کہ کائنات کا ہر جاندار اپنے ہم مزاج ، ہم فطرت اور ہم خیال کے ساتھ رہنا پسند کرتا ہے۔ انسان بھی اسی اصول سے مستثنیٰ نہیں۔ وہ جن لوگوں کے ساتھ اٹھتا بیٹھتا ہے، رفتہ رفتہ انہی جیسا بنتا چلا جاتا ہے۔ یہی وہ نکتہ ہے جہاں سے اچھی صحبت کی اہمیت کا باب کھلتا ہے۔
انسان کی زندگی ایک طویل سفر ہے جس میں بچپن کی معصومیت، جوانی کی جولانیاں اور بڑھاپے کی سنجیدگی شامل ہوتی ہے۔ اس سفر میں انسان بے شمار چہروں سے ملتا ہے، رشتے بناتا ہے اور دوستیاں قائم کرتا ہے، مگر ان تمام تعلقات میں سب سے زیادہ اثر انگیز چیز صحبت ہے۔ صحبت انسان کے خیالات، عادات، اخلاق بلکہ اس کی تقدیر تک کو بدل دیتی ہے۔
مشہور انگریزی کہاوت ہے ۔
“A man is known by the company he keeps”
یعنی انسان اپنی صحبت سے پہچانا جاتا ہے۔ یہ محض ایک جملہ نہیں بلکہ ایک مکمل فلسفۂ حیات ہے۔
اسلام نے بھی صحبت کی اہمیت کو نہایت واضح انداز میں بیان کیا ہے۔
 فرمایا کہ نیک اور بد دوست کی مثال مشک بیچنے والے اور بھٹی دھونکنے والے کی سی ہے۔ مشک والا تمہیں خوشبو دے گا یا کم از کم تم اس کی خوشبو سے لطف اندوز ہو گے، جبکہ بھٹی والا تمہارے کپڑے جلا دے گا یا تمہیں اس کے پاس سے بدبو کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ مثال ہمیں یہ سمجھانے کے لیے کافی ہے کہ صحبت انسان کے ظاہر و باطن دونوں پر گہرے اثرات مرتب کرتی ہے۔
قرآنِ مجید میں بھی اللہ تعالیٰ نے اہلِ ایمان کو ہدایت دی کہ وہ ان لوگوں کی صحبت اختیار کریں جو صبح و شام اپنے رب کو یاد کرتے ہیں اور اس کی رضا چاہتے ہیں، جبکہ ان لوگوں سے دور رہنے کا حکم دیا گیا ہے جو خواہشات کے غلام اور ذکرِ الٰہی سے غافل ہیں۔ یہ تعلیمات ہمیں ایک واضح راستہ دکھاتی ہیں کہ کامیابی کا دارومدار صرف ذاتی صلاحیت پر نہیں بلکہ صحبت کے درست انتخاب پر بھی ہے۔
تاریخِ اسلام اس حقیقت کی زندہ مثالوں سے بھری پڑی ہے۔ صحابۂ کرامؓ کی جماعت نبی کریم ﷺ کی صحبت کا نتیجہ تھی۔ یہی وہ لوگ تھے جنہوں نے دنیا کی ہر آسائش کو ٹھکرا کر حق کا ساتھ دیا، قربانیاں دیں اور رہتی دنیا تک کے لیے مثال بن گئے۔ ان کی عظمت کا راز ان کی صحبت تھی ، وہ صحبت جس نے انہیں عام انسانوں سے اٹھا کر تاریخ کے افق پر ستاروں کی مانند روشن کر دیا۔
اس کے برعکس بری صحبت انسان کو تباہی کے دہانے تک لے جاتی ہے۔ قرآنِ کریم میں قیامت کے دن ایک ایسے شخص کا ذکر ہے جو اپنے ہاتھ چباتا ہوا کہے گا ،
“کاش! میں نے فلاں شخص کو دوست نہ بنایا ہوتا، اس نے مجھے راہِ راست سے بھٹکا دیا۔”
یہ منظر اس حقیقت کو آشکار کرتا ہے کہ غلط دوستی نہ صرف دنیا بلکہ آخرت کی تباہی کا سبب بھی بن سکتی ہے۔
معاشرتی سطح پر دیکھا جائے تو ایک فرد کی شخصیت دراصل اس کے ماحول اور صحبت کا عکس ہوتی ہے۔ اگر کسی نوجوان کو نیک، بااخلاق اور مقصد رکھنے والے دوست مل جائیں تو وہ خود بھی انہی اوصاف کو اپنانے لگتا ہے، جبکہ بری صحبت اس کی سوچ، اس کے معمولات اور حتیٰ کہ اس کے مستقبل کو بھی متاثر کر دیتی ہے۔
یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ بسا اوقات اچھے گھرانوں کے بچے بھی بری صحبت کا شکار ہو کر اپنی راہیں کھو بیٹھتے ہیں، جبکہ بعض اوقات خراب ماحول میں پلنے والے افراد کسی نیک صحبت کی بدولت اپنی زندگی کا رخ بدل لیتے ہیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ صحبت انسان کے لیے زہر بھی ہے اور تریاق بھی۔
دانشوروں کا یہ قول اپنی جگہ نہایت درست ہے کہ
“محفل ہم خیال دوستوں کی ہی صحت مند اور توانا ہوتی ہے”
کیونکہ ایسی محفلیں انسان کے ذہن کو جِلا بخشتی ہیں، اس کے کردار کو سنوارتی ہیں اور اسے مثبت سمت میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہیں، جبکہ بری صحبت ایک ایسی دیمک ہے جو انسان کی اخلاقی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیتی ہے اور دیکھتے ہی دیکھتے اس کی شخصیت زوال کا شکار ہو جاتی ہے۔
آج کے دور میں جب سوشل میڈیا، جدید ذرائع ابلاغ اور تیز رفتار زندگی نے انسان کو مختلف النوع صحبتوں سے جوڑ دیا ہے، اس وقت اچھے اور برے کی تمیز پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گئی ہے۔ اب صحبت صرف جسمانی محفل تک محدود نہیں رہی بلکہ فکری اور ڈیجیٹل سطح پر بھی اثر انداز ہو رہی ہے۔ ایسے میں یہ ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ ہم اپنی صحبت کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں۔
دینی اور دنیاوی دونوں حوالوں سے کامیابی کا راز یہی ہے کہ انسان اپنے آپ کو ایسے لوگوں کے ساتھ وابستہ کرے جو اسے اللہ کے قریب کریں، اس کے اخلاق کو بہتر بنائیں اور اسے زندگی کے مثبت راستے پر گامزن رکھیں۔
اچھی صحبت انسان کے لیے روشنی ہے، جبکہ بری صحبت اندھیرا۔
کلام مختصر کہ انسان اپنی تقدیر کا معمار ضرور ہے، مگر اس کی صحبت اس کے ہاتھ میں وہ اوزار ہے جس سے وہ اپنی شخصیت کو تراشتا ہے۔ اگر اوزار درست ہو تو شخصیت شاہکار بن جاتی ہے، اور اگر اوزار ہی خراب ہو تو خوبصورت پتھر بھی بے وقعت ہو جاتا ہے۔
لہٰذا ضروری ہے کہ ہم اپنی محفلوں، اپنی دوستیوں اور اپنی صحبتوں کا ازسرِ نو جائزہ لیں، کیونکہ یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں یا تو بلندیوں تک لے جائے گا یا پستیوں میں گرا دے گا۔

By gmbajwa

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *