زندگی کے سفر میں کچھ کردار ایسے ہوتے ہیں جو محض اپنے وجود سے راستے روشن کر دیتے ہیں۔ استاد بھی انہی روشن چراغوں میں سے ایک ہے جو خود جل کر دوسروں کو روشنی دیتا ہے۔ وہ لفظوں کا امین ، فکر کا معمار اور کردار کا نگہبان ہوتا ہے۔ اس کا ہر انداز ، ہر بات اور ہر عمل آنے والی نسلوں کی بنیادوں میں شامل ہو جاتا ہے۔ اسی لیے استاد کا مقام محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مقدس ذمہ داری ہے جس کی ادائیگی میں علم ، اخلاق اور وقار کا حسین امتزاج ناگزیر ہے۔ تعلیم محض کتابی علم کی ترسیل کا نام نہیں بلکہ یہ ایک ہمہ جہت عمل ہے جس میں شخصیت سازی ، کردار سازی اور فکری نشوونما شامل ہوتی ہے۔ اس پورے عمل کا محور و مرکز استاد ہوتا ہے۔ استاد نہ صرف علم کا امین ہوتا ہے بلکہ وہ ایک ایسا رہنما بھی ہوتا ہے جس کی شخصیت ، اندازِ گفتگو اور طرزِ زندگی طلبہ کے لیے عملی نمونہ بن جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک استاد کا سکول میں داخل ہونا بھی ایک پیغام ہوتا ہے۔ ایسا پیغام جو خاموشی سے طلبہ کے ذہنوں میں نقش ہو جاتا ہے۔ ایک مثالی استاد کی پہچان اس کے تدریسی ہنر کے ساتھ ساتھ اس کے ظاہری اور باطنی وقار سے بھی ہوتی ہے۔ جب ایک استاد صاف ستھرے، سادہ اور باوقار لباس میں سکول آتا ہے تو وہ دراصل طلبہ کو نظم و ضبط، سلیقہ اور سنجیدگی کا سبق دے رہا ہوتا ہے۔ اس کا لباس ، اس کی چال اور اس کی گفتگو ، یہ سب عناصر مل کر ایک ایسا تعلیمی ماحول تشکیل دیتے ہیں جو سیکھنے کے عمل کو مؤثر بناتا ہے۔ تدریس کے میدان میں جدید تقاضے اس بات کے متقاضی ہیں کہ استاد محض معلومات کا ذریعہ نہ رہے بلکہ ایک سہولت کار (Facilitator) کا کردار ادا کرے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ استاد خود بھی مسلسل سیکھنے کے عمل سے وابستہ رہے۔ تحقیق کا عنصر یہاں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ ایک ایسا استاد جو تحقیق سے جڑا ہو ، وہ نہ صرف اپنے مضمون پر عبور رکھتا ہے بلکہ نئے سوالات پیدا کرنے اور طلبہ کو سوچنے پر آمادہ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ تحقیق اور تدریس کا تعلق لازم و ملزوم ہے۔ تحقیق استاد کو تازہ علم فراہم کرتی ہے جبکہ تدریس اس علم کو مؤثر انداز میں منتقل کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔ جب ایک استاد تحقیق کی بنیاد پر اپنے اسباق تیار کرتا ہے تو اس کی باتوں میں وزن، دلیل اور تاثیر پیدا ہو جاتی ہے۔ طلبہ ایسے استاد کو نہ صرف سنتے ہیں بلکہ اس سے متاثر بھی ہوتے ہیں۔ ایک استاد کا رویہ اس کے علم سے بھی زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔ نرم گفتاری ، تحمل ، برداشت اور مثبت طرزِ عمل وہ اوصاف ہیں جو ایک استاد کو عظیم بناتے ہیں۔ جب استاد طلبہ کے ساتھ احترام اور شفقت سے پیش آتا ہے تو طلبہ بھی اس کا احترام کرتے ہیں۔ اس کے برعکس سختی، تحقیر اور بے رخی نہ صرف تعلیمی ماحول کو متاثر کرتی ہے بلکہ طلبہ کے اعتماد کو بھی مجروح کرتی ہے۔ تعلیم کے جدید نظریات اس بات پر زور دیتے ہیں کہ سیکھنے کا عمل طالب علم کے گرد گھومتا ہے۔ اس لیے استاد کو چاہیے کہ وہ اپنی تدریس کو طلبہ کی ضروریات، دلچسپیوں اور ذہنی سطح کے مطابق ڈھالے۔ اس مقصد کے لیے مختلف تدریسی حکمتِ عملیوں، جیسے گروپ ورک، مباحثہ، عملی سرگرمیوں اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، کو بروئے کار لانا ناگزیر ہے۔ ایک اور اہم پہلو استاد کی پیشہ ورانہ دیانت داری ہے۔ وقت کی پابندی، مکمل تیاری کے ساتھ کلاس میں آنا، طلبہ کے سوالات کا سنجیدگی سے جواب دینا اور اپنے فرائض کو احسن انداز میں انجام دینا، یہ سب عناصر ایک استاد کے پروفیشنلزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ ایک ذمہ دار استاد اپنی ذمہ داریوں سے کبھی غافل نہیں ہوتا بلکہ وہ ہر لمحہ اپنے کردار کے اثرات سے باخبر رہتا ہے۔ بالخصوص پرائمری سطح پر استاد کا کردار نہایت حساس ہوتا ہے۔ اس عمر میں بچے سیکھنے کے ساتھ ساتھ مشاہدہ بھی کرتے ہیں اور اپنے استاد کی تقلید کرتے ہیں۔ اس لیے استاد کی شخصیت کا ہر پہلو بچوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔ ایک مسکراتا ہوا، صاف ستھرا، خوش اخلاق اور منظم استاد بچوں کے دلوں میں جگہ بنا لیتا ہے اور ان کے لیے سیکھنے کے عمل کو خوشگوار بنا دیتا ہے۔ تحقیق یہ بھی واضح کرتی ہے کہ مثبت تعلیمی ماحول طلبہ کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔ ایسا ماحول جہاں استاد اور طالب علم کے درمیان اعتماد اور احترام کا رشتہ قائم ہو، وہاں سیکھنے کی رفتار تیز ہو جاتی ہے۔ استاد کو چاہیے کہ وہ ایسا ماحول پیدا کرے جہاں طلبہ بلا خوف و خطر سوال پوچھ سکیں اور اپنی رائے کا اظہار کر سکیں۔ کلام مختصر کہ ایک استاد کا سکول آنا محض ایک روزمرہ سرگرمی نہیں بلکہ ایک مقدس ذمہ داری کا آغاز ہے۔ اس کا ہر قدم ، ہر لفظ اور ہر عمل طلبہ کی زندگیوں پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔ ایک باوقار، باعلم اور باشعور استاد ہی وہ معمار ہے جو ایک بہتر معاشرے کی بنیاد رکھتا ہے۔ لہٰذا ضروری ہے کہ ہم استاد کے کردار کو محض ایک ملازمت نہ سمجھیں بلکہ اسے ایک مشن کے طور پر اپنائیں۔ جب استاد خود کو ایک رہنما، محقق اور معلم کے طور پر دیکھے گا تو اس کی تدریس میں خود بخود نکھار پیدا ہوگا اور وہ حقیقی معنوں میں قوم کا معمار بن سکے گا۔ رہبر بھی یہ ہمدم بھی یہ غم خوار ہمارے استاد یہ قوموں کے ہیں معمار ہمارے Post navigation پیر وارث شاہ پرنامی مندر اور ملکہ ہانس قائد اعظم کا تین روزہ دورہ سیالکوٹ