چونیاں (اعجاز احمد ملک سے): چونیاں چھانگا مانگا روڈ پر قائم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفتر میں آنے والی مستحق خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دفتر کے باہر نہ سایہ دار جگہ کا انتظام ہے اور نہ ہی پینے کے صاف پانی کی سہولت، جس کے باعث خواتین اور ان کے ہمراہ آئے چھوٹے بچے سخت دھوپ میں گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔

روزانہ کی بنیاد پر درجنوں خواتین مالی امداد کے حصول یا تصدیقی مراحل کے لیے دفتر پہنچتی ہیں، مگر انتظامیہ کی جانب سے بنیادی سہولیات کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے۔ شدید گرمی کے باعث کئی خواتین کو چکر آنے اور طبیعت خراب ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں، جبکہ معصوم بچے بھی دھوپ کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے بے حال نظر آتے ہیں۔

مقامی شہریوں اور متاثرہ خواتین نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفتر کے باہر عارضی شیڈ، پینے کے صاف پانی اور بیٹھنے کے مناسب انتظامات کیے جائیں تاکہ سائلین کو مزید پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے فلاحی منصوبے شروع کرنا خوش آئند اقدام ہے، تاہم ان مراکز پر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پروگرام کے مقاصد پر سوالیہ نشان ہے۔ شہریوں اور امداد کے حصول کے لیے آنے والی خواتین نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری اقدامات کر کے انہیں اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جائے۔

By gmbajwa

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *