بہاول پور: ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی نے عالمی یوم ورثہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور دنیا بھر کی طرح بہاول پور میوزیم میں بھی عالمی یوم ورثہ منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد آثار قدیمہ، مذہبی، ثقافتی اور تمدنی عمارات کی بحالی اور حفاظت کو یقینی بنانا اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورثے کا تحفظ اور اس بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور اسے آئندہ آنے والی نسلوں تک منتقل کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ ان کے مطابق ہر سال 18 اپریل کو منایا جانے والا یہ دن ثقافتی اور قدرتی ورثے کے مقامات کی اہمیت اور ان کے تحفظ کے بارے میں شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ محمد زبیر ربانی نے کہا کہ ورثہ کا تحفظ و بقا متمدن قوموں کی پہچان ہے، اور ترقی یافتہ اقوام اپنی تہذیب و ثقافت کو محفوظ رکھ کر اپنی تاریخ کو دوام دیتی ہیں اور سیاحت کے ذریعے معیشت پر بھی مثبت اثر ڈالتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر معاشرہ اپنی جداگانہ روایات اور تہذیب و تمدن کا حامل ہوتا ہے، اور ان کے تحفظ کے لیے کوشاں رہتا ہے تاکہ اپنی درخشاں روایات کو دنیا کے سامنے فخر سے پیش کیا جا سکے، کیونکہ تاریخی عمارات اور آثار کسی بھی قوم کی شناخت ہوتے ہیں۔ ڈائریکٹر میوزیم نے بتایا کہ امسال عالمی یوم ورثہ کا موضوع “تنازعات اور آفات کے تناظر میں زندہ ورثے کے لیے ہنگامی ردعمل” ہے، جو عالمی ورثے کو ناگہانی بحرانوں سے بچانے پر توجہ مرکوز کرتا ہے اور ہنگامی ردعمل کے نظام کو مضبوط بنانے، کمیونٹیز میں لچک پیدا کرنے اور ٹھوس و غیر محسوس ورثے کے تحفظ پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کئی مقامات یونیسکو کی ورلڈ ہیریٹیج لسٹ میں شامل ہیں جبکہ بہاول پور قدیم تہذیبوں کا گہوارہ رہا ہے، جہاں آج بھی تاریخی آثار موجود ہیں۔ محمد زبیر ربانی نے بتایا کہ بہاول پور میوزیم built heritage کے تحفظ اور فروغ کے لیے سرگرم ہے، جہاں بین الاقوامی کانفرنسوں، سیمینارز، نمائشوں اور طلبہ کے آرٹ مقابلوں کے ذریعے نوجوان نسل کو اپنے ورثے سے جوڑا جا رہا ہے۔ اس موقع پر میوزیم میں طلبہ و طالبات کے لیے آثار قدیمہ گیلری میں پاکستان اور بہاول پور کے تاریخی ورثے پر ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی، جبکہ آفیسر تعلقات عامہ نادیہ نورین نے طلبہ کو عالمی یوم ورثہ کی اہمیت اور بہاول پور کے تاریخی مقامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ Post navigation ایران کا امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کرنے سے انکار چونیاں، بے نظیر انکم سپورٹ دفتر میں سہولیات کی کمی، خواتین و بچے شدید پریشان