چونیاں (اعجاز ملک سے) تحصیل چونیاں میں اتائیت اور غیر قانونی طبی مراکز کے خلاف جاری مہم کے دوران بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے کنگن پور میں دو جعلی اور غیر قانونی مراکزِ علاج سیل کر دیے گئے، جبکہ مختلف میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر وارننگز جاری کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تحصیل چونیاں ڈاکٹر حافظ محمد سلیم انجم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کنگن پور، الہ آباد اور شام کوٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور میڈیکل سٹورز، فارمیسیز، ہسپتالوں اور طبی مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا۔

دورانِ چیکنگ دو ایسے مراکزِ علاج کی نشاندہی ہوئی جو بغیر قانونی اجازت نامے اور مطلوبہ لائسنس کے طبی خدمات فراہم کر رہے تھے۔ عوامی صحت کو درپیش خطرات کے پیشِ نظر فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں مراکز کو سیل کر دیا گیا۔ متعلقہ افراد کے خلاف چالان مرتب کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا دیا گیا۔

معائنہ کے دوران مختلف میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز کے ریکارڈ، ادویات کی دستیابی، لائسنس اور دیگر قانونی تقاضوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور بعض قانونی خامیوں پر متعدد میڈیکل سٹور مالکان کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے فوری طور پر قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اس موقع پر ڈاکٹر حافظ محمد سلیم انجم نے کہا کہ اتائیت ایک سنگین سماجی اور طبی مسئلہ ہے جو شہریوں کی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحصیل چونیاں میں بغیر لائسنس ہسپتالوں، کلینکس، میڈیکل سٹورز اور غیر قانونی طبی مراکز کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے اتائیوں اور غیر قانونی طبی مراکز کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

 

By gmbajwa

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *