چونیاں (اعجاز احمد ملک سے) چھانگا مانگا جنگل میں جانوروں کے لیے بنائے گئے پانی کے کچے تالاب میں ڈوب کر تین سگے بہن بھائیوں سمیت چار بچے جاں بحق ہوگئے۔ دلخراش سانحے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہوگئی جبکہ متاثرہ خاندانوں میں کہرام مچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ویر سنگھ کے قریب چھانگا مانگا جنگل میں واقع جانوروں کے پانی پینے کے لیے بنائے گئے کچے تالاب کے نزدیک کھیلتے ہوئے چار بچے گہرے پانی میں جا گرے اور ڈوب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بھرپور کوششوں کے بعد بچوں کو پانی سے نکال لیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 11 سالہ ہادیہ دختر محمد اکبر، 12 سالہ محمد مراد ولد محمد اکبر، 9 سالہ فیضان ولد محمد اکبر اور 12 سالہ عمران ولد رحمت شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں سے تین سگے بہن بھائی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ننھیال آئے ہوئے تھے۔ حادثہ پیش آنے پر اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلِ علاقہ، رشتہ داروں اور شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی۔ معصوم بچوں کی ہلاکت کی خبر پورے علاقے میں پھیل گئی اور ہر آنکھ اشکبار دکھائی دی۔ لواحقین غم سے نڈھال جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا قائم رہی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ Post navigation پنجاب کا 5903 ارب روپے کا بجٹ پیش چونیاں میں اتائیت کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، دو مراکز سیل