چونیاں (اعجاز احمد ملک سے) چونیاں میں محکمہ صحت کی نااہلی میڈیکل سپیشلسٹ کی سیٹ ختم، کروڑوں کا سرجیکل ٹاور غیر فعال کارڈیک سنٹر کی منتقلی سے شہریوں میں تشویش، عوام کا وزیرِاعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری ہیلتھ سے فوری نوٹس کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق تحصیل چونیاں میں محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے مبینہ غفلت اور غیر مؤثر پالیسیوں کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ذرائع کے مطابق تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چونیاں میں میڈیکل سپیشلسٹ (فزیشن) کی اہم سیٹ کو ختم کر دیا گیا ہے، جس سے مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی متاثر ہو رہی ہےشہری حلقوں کا کہنا ہے کہ تقریباً 20 کروڑ روپے کی لاگت سے 20 بیڈز پر مشتمل جدید سرجیکل ٹاور تعمیر کیا گیا، تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ منصوبہ تاحال فعال نہ ہو سکا۔ دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث نئی عمارت آہستہ آہستہ خستہ حالی کا شکار ہو کر کھنڈر میں تبدیل ہونے لگی ہے، جو حکومتی وسائل کے ضیاع کی واضح مثال قرار دی جا رہی ہے مزید برآں، 30 بیڈز پر مشتمل ایک فعال اور بہترین کارڈیک سنٹر کو بھی تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ضم کر دیا گیا ہے، جس پر شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے مقامی افراد کے مطابق یہ کارڈیک سنٹر نہ صرف چونیاں بلکہ دیپالپور، حویلی لکھا، پتوکی اور قصور کے ہزاروں مریضوں کے لیے ایک بڑی سہولت تھا، جس کی منتقلی سے دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو مشکلات کا سامنا بڑھ گیا ہےسماجی و شہری حلقوں نے اس صورتحال کو چونیاں کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قیامِ پاکستان سے قبل کی اس تاریخی تحصیل کو جدید سہولیات سے محروم کرنا ناانصافی ہے۔ شہریوں نے وزیرِاعلیٰ پنجاب، سیکرٹری ہیلتھ پرائمری اینڈ سیکنڈری اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے میڈیکل سپیشلسٹ کی سیٹ بحال کی جائے، سرجیکل ٹاور کو فعال کیا جائے اور کارڈیک سنٹر کو دوبارہ مکمل سہولیات کے ساتھ بحال کیا جائے، تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں

By gmbajwa

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *