اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے خاتمے اور امن معاہدے کے بعد دنیا میں امن کا نیا باب کھل گیا ہے۔ تین ماہ اور سولہ روز پر محیط کشیدگی کے بعد دونوں ممالک نے تمام محاذوں پر جنگ کے مستقل خاتمے کا اعلان کر دیا ہے، جو عالمی امن کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے۔

قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج دنیا نے امن کا ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے اور جنگ کے بعد امن کا سورج طلوع ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کی باضابطہ دستخطی تقریب 19 جون کو جنیوا میں منعقد ہوگی، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔

وزیراعظم نے اس اہم سفارتی کامیابی پر پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف دو ممالک کے درمیان معاہدہ نہیں بلکہ امن، مکالمے اور سفارتکاری کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیابی میں پاکستان کی مخلصانہ کوششوں اور مؤثر سفارتی کردار نے اہم کردار ادا کیا۔

شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی قیادت نے اس حساس مرحلے پر یکجہتی اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای، ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور مذاکراتی ٹیموں کو بھی مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور چینی صدر شی جن پنگ کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں کی کاوشوں نے امن عمل کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی جنگ کے شعلے ٹھنڈے کرنے اور امن کے قیام کے لیے شب و روز کوششیں کیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سمیت دیگر حکومتی شخصیات کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں موجود ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے منفی اثرات سے عالمی معیشت کے ساتھ پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہوئی، تاہم اب امن معاہدے کے نتیجے میں معاشی استحکام اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ پاکستان امن، استحکام اور مکالمے کا علمبردار ملک ہے اور عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

By gmbajwa

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *