رپورٹ
چوہدری محمد افضل

تحصیل شکرگڑھ کے علاقہ چنی باغ والی میں چیئرمین چوہدری ارشاد کے فارم پر گندم کی کٹائی کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر شکیل احمد نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور خود گندم کی کٹائی کا افتتاح کیا۔
تقریب کے دوران ایک آگاہی سیمینار بھی منعقد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شکرگڑھ محمد جاوید شہزاد نے چاول کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی، بہتر بیج کے انتخاب، متوازن کھادوں کے استعمال اور جدید زرعی طریقوں پر تفصیلی روشنی ڈالی تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ضلع نارووال افتخار احمد نے اپنے خطاب میں پنجاب کسان کارڈ کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومتِ پنجاب کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے، جس کے تحت ضلع بھر میں خصوصی مہم جاری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان اس سہولت سے مستفید ہو سکیں اور زرعی اخراجات میں کمی لا سکیں۔


ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر شکیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور کسان اس میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ کسانوں کے ساتھ رابطے مزید مضبوط کیے جائیں اور باقاعدہ فیلڈ میٹنگز اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے تاکہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا سکے اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے خاص طور پر گندم کی کٹائی کے دوران موسمی پیشین گوئی کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ممکنہ بارشوں اور تیز ہواؤں کے پیش نظر بروقت کٹائی مکمل کی جائے اور فصل کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ نقصان سے بچا جا سکے۔
مزید برآں، انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں گندم کی قیمتوں میں بہتری متوقع ہے، لہٰذا کاشتکار حالات کا جائزہ لے کر مناسب وقت پر اپنی گندم فروخت کریں تاکہ بہتر مالی فائدہ حاصل کیا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر کسانوں کو جدید زرعی طریقہ کار اپنانے، حکومتی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے اور محکمہ زراعت کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی تلقین کی گئی

By gmbajwa

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *