قلعہ احمد آباد(یاسر چوہدری)نارووال کے علاقے جاجو والا اسٹاپ نیو لاہور روڈ پر لوڈر وین اور مسافر رکشہ کے درمیان افسوسناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو کنٹرول روم نارووال کے مطابق ایک اوورلوڈڈ لوڈر پک اپ، جس پر بھینس لوڈ تھی، سڑک پر موجود گڑھے سے ٹکرانے کے باعث بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے مسافر رکشہ سے جا ٹکرائی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں جبکہ مزید ایمبولینسز، ریسکیو بائیکس اور وہیکل بھی روانہ کی گئیں۔ پولیس کو بھی بروقت اطلاع فراہم کی گئی۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق رکشہ میں سوار اسامہ شبیر موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ کشور بی بی، شکیلہ بی بی، صائمہ اور سمیرا سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ رکشہ ڈرائیور طارق محمود کو معمولی زخمی حالت میں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ تمام زخمیوں اور جاں بحق شخص کی لاش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال نارووال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دوران سفر رفتار کو کنٹرول میں رکھیں، اوورلوڈنگ سے گریز کریں اور خراب سڑکوں پر خصوصی احتیاط برتیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ Post navigation پی ایس ایل: لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج مدمقابل شکرگڑھ میں گندم کی کٹائی کا باقاعدہ افتتاح