قلعہ احمد آباد میں ٹرین کی زد میں آ کر نوجوان شدید زخمی

قلعہ احمد آباد (محمد یاسر سے) قلعہ احمد آباد کے محلہ اسلام آباد میں ریلوے پٹڑی عبور کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ کر 20 سالہ نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زین ولد خالد، جو گونگا اور بہرا بتایا جاتا ہے، ریلوے لائن پر موجود تھا کہ نارووال سے سیالکوٹ جانے والی ٹرین کی زد میں آ گیا۔حادثے کے نتیجے میں نوجوان کے سر پر چوٹ جبکہ گردن پر خراشیں آئیں۔ خوش قسمتی سے وہ ہوش میں تھا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال نارووال منتقل کر دیا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ریلوے پٹڑی پر چلنے، بیٹھنے یا غیرضروری طور پر موجود رہنے سے گریز کیا جائے، جبکہ والدین اپنے بچوں کو ریلوے لائن کے قریب جانے سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ معمولی سی غفلت بھی کسی قیمتی انسانی جان کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے ریلوے پٹڑی کے قریب انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کیا جائے۔